سماج اور رشتے

يٰۤـاَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوۡا رَبَّكُمُ الَّذِىۡ خَلَقَكُمۡ مِّنۡ نَّفۡسٍ وَّاحِدَةٍ وَّخَ لَقَ مِنۡهَا زَوۡجَهَا وَبَثَّ مِنۡهُمَا رِجَالًا كَثِيۡرًا وَّنِسَآءً‌ ۚ 

وَاتَّقُوا اللّٰهَ الَّذِىۡ تَسَآءَلُوۡنَ بِهٖ وَالۡاَرۡحَامَ‌ ؕ اِنَّ اللّٰهَ كَانَ عَلَيۡكُمۡ رَقِيۡبًا ۞ النساء، 1

لوگو! اپنے رب سے ڈرو جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا اور اُسی جان سے اس کا جوڑا بنایا اور ان دونوں سے بہت مرد و عورت دنیا میں پھیلا دیے اُس خدا سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنے حق مانگتے ہو، اور رشتہ و قرابت کے تعلقات کو بگاڑنے سے پرہیز کرو یقین جانو کہ اللہ تم پر نگرانی کر رہا ہے“۔

پہلے وقتوں میں لوگ حقوق الله اور حقوق العباد کو اپنے عمل ( کردار ) سے ادا کرتے تھے۔ وہ اجتماعی سوچتے اور حقوق العباد کی ادائیگی کے ذہن سے کم حثیت کے لوگوں سے تعلق استوار کرتے تھے۔

بیٹی کو کم حثیت والے لوگوں میں بیاہتے اور بیٹے کو بڑے کنبے میں۔ بزرگوں کے فیصلے کو بیٹے اور بیٹیاں دل و جان سے قبول کرتے اور خدا کے بہترین نظام انسانی تولید میں اپنے حصّے کا کردار ادا کرتے، وہ نظام جو خدا نے قرآن میں بتایا ہے۔

يٰۤاَيُّهَا النَّاسُ اِنَّا خَلَقۡنٰكُمۡ مِّنۡ ذَكَرٍ وَّاُنۡثٰى وَجَعَلۡنٰكُمۡ شُعُوۡبًا وَّقَبَآئِلَ لِتَعَارَفُوۡا‌ ؕ اِنَّ اَكۡرَمَكُمۡ عِنۡدَ اللّٰهِ اَ تۡقٰٮكُمۡ‌ ؕ

اِنَّ اللّٰهَ عَلِيۡمٌ خَبِيۡرٌ۔ الحجرات ۔ 49 , آیت نمبر 13

” لوگو، ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور پھر تمہاری قومیں اور برادریاں بنا دیں تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو درحقیقت الله کے نزدیک تم سب میں زیادہ عزت والا وہ ہے جو تمہارے اندر سب سے زیادہ پرہیز گار ہے یقیناً الله سب کچھ جاننے والا اور باخبر ہے “ ۔

وہ لوگ بیٹی کی وساطت سے اپنے داماد اور اس کے اعزا کی حالت کو حقوق العباد کے حکم میں بہتر بناتے تھے۔ بہو بڑے خاندان سے اس لیۓ بیاہ کر لاتے تھے تاکہ بڑے کنبے سے رشتہ داری کی وجہ سے زیادہ لوگوں کے ساتھ جڑنے کا موقع ملے اور بڑے خاندان میں پرورش کے باعث سسرالی افراد سے بنا اکتائے اچھا برتاؤ کرے ۔ جب کسی خاندان میں ناچاقی دیکھتے تو ان کی ہر طرح سے مدد کرکے انھیں بحال کرکے احترام سمیٹتے تھے۔ مگر دور حاضر میں ہر معاملہ الٹ ہوگیا ہے۔ نصف صدی قبل لوگ سادگی اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کو ترجیح دیتے تھے۔ وہ اپنے مال اور افرادی قوت سے اقارب اور قرب و جوار کے لوگوں کی سلامتی کو اپنا فرض عین جان کر ان کی بحالی یقینی بناتے تھے۔ مادی آسائش اور نمود و نمائش، سماجی افراتفری اور نفسا نفسی سے خود بھی بچتے اور اپنے اعزا و اقارب کو بھی قناعت کی تلقین کرتے تھے۔ امر باالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے تھے۔ اور بستی کے سب باسی باہم احوال رکھتے تھے۔ نصف صدی سے بڑی تیزی سے سماجی تبدیلی رونما ہوئی۔ دیہی یا شہری آبادی میں اگر کوئی فرد روزگار یا جدید علوم کی غرض سے بیرون ملک جاتا اور واپسی پر کوئی نئی سہولت و آسائش کی چیز لاتا تو وہ خبر بن کر دوسروں تک پہنچتی۔ رغبت والے دیکھنے کے مشتاق ہو جاتے۔ کچھ لوگ اپنی ترقی کی نمائش سے خوش ہوتے اور کئی مخل اندازی کو ناپسند کرتے۔ دیکھا دیکھی لوگوں کے دلوں میں بھی ان چیزوں کی طلب پیدا ہوتی گئی اور دھیرے دھیرے مادیت نے محبت پر فتح حاصل کرلی۔ بحثیت مجموعی لوگ اپنے معاشرے کی بجاۓ اپنی اپنی جنت بنانے میں جت گۓ آسائش کی مصنوعی چیزوں کی زیادتی سے محبتیں بھی مصنوعی ہوتی گئیں اور روہانی سکون مفقود اور مادی سرور سرایت کرتا گیا۔

زُيِّنَ لِلنَّاسِ حُبُّ الشَّهَوٰتِ مِنَ النِّسَآءِ وَالۡبَـنِيۡنَ وَالۡقَنَاطِيۡرِ الۡمُقَنۡطَرَةِ مِنَ الذَّهَبِ وَالۡفِضَّةِ وَالۡخَـيۡلِ الۡمُسَوَّمَةِ وَالۡاَنۡعَامِ

وَالۡحَـرۡثِ‌ؕ ذٰلِكَ مَتَاعُ الۡحَيٰوةِ الدُّنۡيَا ‌ۚ وَاللّٰهُ عِنۡدَهٗ حُسۡنُ الۡمَاٰبِ۔ آل عمران ۔3 , آیت نمبر 14

” لوگوں کے لیے مرغوبات نفس، عورتیں، اولاد، سونے چاندی کے ڈھیر، چیدہ گھوڑے، مویشی او ر زرعی زمینیں (دیگرمادی چیزیں) بڑی خوش آئند بنا دی گئی ہیں، مگر یہ سب دنیا کی چند روزہ زندگی کے سامان ہیں حقیقت میں جو بہتر ٹھکانا ہے، وہ تو الله کے پاس ہے “۔

اب عالم یہ ہے کہ مادی آسودگی کے باعث دیکھنے میں تو سب خوش نظر آتے ہیں مگر قلب مطمعن نہیں ہے۔

(الا بذکر اللہ تطمئن القلوب)

وَلَا تَمُدَّنَّ عَيۡنَيۡكَ اِلٰى مَا مَتَّعۡنَا بِهٖۤ اَزۡوَاجًا مِّنۡهُمۡ زَهۡرَةَ الۡحَيٰوةِ الدُّنۡيَا لِنَفۡتِنَهُمۡ فِيۡهِ‌ ؕ وَرِزۡقُ رَبِّكَ خَيۡرٌ وَّاَبۡقٰى ۞

طه، 131

” اور نگاہ اُٹھا کر بھی نہ دیکھو دُنیوی زندگی کی اُس شان و شوکت کو جو ہم نے اِن میں سے مختلف قسم کے

لوگوں کو دے رکھی ہے وہ تو ہم نے انہیں آزمائش میں ڈالنے کے لیے دی ہے، اور تیرے رب کا دیا ہوا رزق حلال ہی بہتر اور پائندہ تر ہے“۔

اب لوگ بچوں کی شادی خاندان نہیں بلکہ چھوٹی فیملی ان کی مالی حیثیت اور اثر و رسوخ دیکھ کر کرتے ہیں۔ جاگیردار، صنعتکار، سیاستدان یا ریاستی اداروں سے حاصل کردہ بلیک منی کے حامل لوگ وائیٹ کالر بن کر بڑی حثیت و مرتبے کے لوگوں سے رشتے استوار کرتے ہیں جن میں زیادہ تر لوگ بڑے سرکاری منصب پر فائز ہوں۔ دولت و شوکت پر فخر کرنے والے لوگ زیادہ تر ان طبقوں میں سے رشتے داری کرتے ہیں جن میں ترجیحاً عدلیہ فوج ، بیورو کریٹ اور سیاسی لوگ ہیں۔ اور وہ ایک دوسرے کی مدد میں اپنے مفادات پر سودے بازی کرتے ہیں۔

بد عنوان لوگوں کے اقارب اپنے تعلقات استعمال کرکے انھیں تحفظ دیتے اور عدالتوں سے رعایتیں دلواتے ہیں اور پھر بدلے میں رشوت میں تحائف کی صورت میں بنگلے، لینڈ، لیٹسٹ گاڑی اور بیلنس سے مستفید ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ صاحب ثروت اور بااختیار لوگ قانون کے تابع رہنے کی بجائے قانون کو اپنے تابع کرتے ہیں۔ معاشرے کے سرکردہ افراد ریاستی مشینری کو اپنے حق میں استعمال کریں تو پورا سماج اس سے متاثر ہوتا ہے اور پھر وہی ہوتا ہے جو ہمارے پیارے ملک میں ہوتا آ رہا ہے اور کثرت سے جاری ہے۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

انسان کی تخلیق اور اس کا نفس

اِظہارِ ذات اور زُبان