اِظہارِ ذات اور زُبان
خالقِ کائنات کی ہر تخلیق اپنے وجودی و مقصدی اعتبارات سے کثیرالپہلو ہے۔ ایک گلاب کا پھول محض یہی نہیں کہ جمالیاتی لحاظ سے ہی (باصرہ و شامہ کیلئے) تسکینِ روح و نظر کا سامان رکھتا ہے بلکہ حیاتی نفسی قدروں کا بھی حامل ہے۔ یہ رنگین و نازک و خوشبو دار تخلیق طب، طبعیات، کیمیا، جیومیٹری، نفسیات اور معاشیات کیلئے بھی دلچسپی کی کئی گہرائیاں رکھتی ہے اور پھر اس ایک ننھی سی تخلیق پر ہی کیا بس ہے، بےمثل خالق کی ہرہر مخلوق، ایٹم کی روشن لہروں سے لے کر درخشاں کہکشاؤں تک اپنا جواب آپ ہے۔ فطرت کی ہرتخلیق اپنی اپنی انفرادیت، شناخت اور ”خودی“ بھی رکھتی ہے،اور وہ خودی ہی کیا جو خودنُمائی نہ کرے؛ چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ کلی چٹک کر تو برق کڑک کر اپنے وجود کا پتا دیتی ہے، اور بادل گرجتے برستے اپنی حیاتِ آفرینی کو جتاتے ہیں تو زمین بار آور و ثمر آور ہو کر زندگی کی بقاء و اِرتقاء کیلئے اپنے مقصدِ وجود کا اثبات کرتی ہے۔ یہ پہاڑی سلسلے اپنی فلک بوس قامتوں اور زمین گیر وسعتوں کیساتھ کبھی جلال انگیز سکوت و ثبات سے تو کبھی دہشت ناک زلزلے ہولناکیوں اور آتش فشانیوں کی شکل میں اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ یہ آبشاروں کی چھم چھم ، یہ ندی نالوں، دریاؤں کی چھنکتی چھلکتی روانیاں یہ مُترنم یہ سمندروں کا جلال و جمال یہ آبی مخلوق کی فراوانی و رنگا رنگی یہ سر سبز و شاداب جنگل اور جنگلی حیات کا تنوع، پرندوں کی نظر افروز رنگتیں اور وجد پرُور خوش الحانیاں … اور نہ جانے کیا کیا کچھ اپنے وجود و مقصد کے لحاظ سے نہ صرف یہ کہ کئی پہلوؤں کا حامل ہے بلکہ ہر ایک مخلوق گویا اپنے اپنے انداز میں اپنے ہونے اور برحق ہونےکی دُھن میں نعرہ ”انا الحق“ بلند کررہی ہے، اپنی ذات کا اظہارکررہی ہے اور ہمارے شعلۂ تجسس کو ہوا دینے میں مگن ہے۔چونکہ فطرت کے تمام مظاہر واضح طور پر اپنی ہست و بود، خودی اور اپنی انفرادیت کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے ہمارے حواس پر ثبت ہوتے ہیں، اسلئے ایک تو اپنے کائناتی طبیعی ماحول کی خود مُدعیانہ شکل و صورت کے باعث اور خود ہماری فطرت کی خود اثباتی و شعلہ نفسی کی بدولت ہم انسان بھی اپنا اپنا اثبات کرتے ہیں اور اپنی انفرادیت اور خودی کو جتاتے ہیں۔اظہارِ ذات کا جذبہ انسان کی فطرت و خمیر میں گندھا ہوا ہے چنانچہ ہم دیکھتے ہیں ہےکہ انسان زندگی کے ہرہر مرحلہ میں اپنے فطری جذبۂ خودنمائی کے تحت جبلّی طور پر دنیا کی سٹیج پر منفرد و نمایاں کردار ادا کرنے کا آرزو مند ہے۔ کسی کو قومی اور بین الاقوامی سیاست کی بساط پر شاہ بننے کا جنون ہے، تو کسی کو فنونِ لطیفہ کی مختلف فضاؤں میں سپر سٹار بننے اور شہرت کا آسمان چھونے کی تمنا ہے۔کوئی علم کے میدان میں معرفت کی پچیدہ گتھیوں کی گرہیں کھولنے میں نابغۂ روزگار ہے تو کسی کو تصوف و روحانیت، ہیپناسیس اور ٹیلی پیتھی کی ماورائی خلاؤں کی سیر اور اُنھیں سر کرنے کی دُھن ہے، اور کئی مقابلۂ حسن و تن سازی کے اُفق پر آفتاب بننے اور نصفُ النہار پر سدا کیلئے ٹھہرے رہ جانے کے شدت سے آرزو مند ہیں۔ خلاصہ یہ کہ انسان کے علاوہ دیگر مُظاہرِ فطرت میں اظہارِ وجود و ذات کی بس ایک ہی صورت ہے اور وہ اُن کا عمل ہے اور یہی عمل مُظاہرِ فطرت کی زبان ہے جسے بجا طور پر زبانِ حال کہا جاتا ہے۔ ثانیاً اِنسانی سطح پر اِظہارِ ذات کیلئے زبانِ حال کے فطری و جبلّی مُظاہر کے علاوہ ایک سے زائد وسیلۂ اظہار بھی موجود ہے جسے زبانِ قال کہاجاتا ہے کیونکہ اِنسان اشرفُ المخلوقات ہستیٔ ناطق و عاقل ہے۔ زبان ہی دراصل وہ نکتۂ گریز ہے جہاں سے حیوانِ مُطلق اور وجودِ ناطق و عاقل اِنسان میں نمایاں ترین فرق شروع ہو جاتا ہے۔ یوں تو اِظہارِ ذاتِ زندگی کے تمام پہلوؤں کا فطری خاصہ ہے اور اِنسان نے علم و عمل کے دیگر شعبوں کی طرح فنونِ لطیفہ کی ایک حسین وجمیل وسیع دنیا بسا رکھی ہے لیکن یہاں اس مضمون میں زبان و اِظہار اور اِبلاغ کے چند اہم گوشوں کوبھی نمایاں طور پر اُنھیں مختصراً پیش کیا جارہا ہے۔
اِنسانی دل و دماغ، محسوسات و مدرکات اور خیالات و جذبات کا مرکز ومحور ہے۔ اِنسان کے اِرد گرد ہر طرف پھیلے ہوئے کائناتی ماحول اور خود اُس کے باطن میں موجود بےشمار اشیاء اُس کی زندگی کے ہر پہلو کا تانا بانا بُنتی ہیں۔ یہ ظاہری و باطنی اشیاء ہمارے ظاہری و باطنی حواس کو متاثر کرتی ہیں جس کے نتیجے میں ہمیں مشاہدات و تجربات اور وارداتِ باطنی ہوتے ہیں اور اِنسانی حافظہ اُنھیں محفوظ کرکے زندگی کو بامعنی و مفید اور با مقصد بنا لیتا ہے۔ اِن جبلّی وغیر اِکتسابی اور اِکتسابی مُحرکات و اِحتیاجات کی بدولت ہی اِنسان زندہ رہتا ہے ، مثلاً بچہ جب بھوکا پیاسا ہو تو وہ رونے کی آواز کے وسیلے سے ماں کو متوجہ کرتا ہے اور وہ اُسے دودھ پلا دیتی ہے ۔ یا اگر اُسے پیٹ درد، کان درد یا کوئی اور تکلیف لاحق ہو تو وہ رونے کی صوتی جبلّت و خاصیت کو اِستعمال کر کے اِرد گرد کے لوگوں کو مُتوجہ کر کے اپنے درد کا مداوا ممکن بناتا ہے۔ غور کریں کہ اگر بچے کی اندرونی حِس، جِسمانی تکالیف یا دیگر جبلّی ضرورتوں کو محسوس نہ کرنے یا اگر محسوس تو کرے لیکن روکر یا کسی اور جِسمانی انداز سے اُنھیں ظاہر نہ کرسکے تو پھر وہ بھوک اور پیاس سے یا کسی بیماری میں مبتلا ہوکر مر جائے۔ اندرونی حِسی ادراک اور صوتی و عُضوی حرکات کی وجہ سے جب اُس کی تکالیف کا ازالہ اور حاجات کی تسکین ہو جائے تو وہ پُرسکون و مطمئن ہو جاتا ہے اور اپنے سکون و اِطمینان اور خوشی کا اِظہار مختلف جِسمانی و عُضوی حرکات و سکنات خصوصا چہرے کے تاثرات سے یا مختلف آوازیں نکال نکال کر یا ہنستے مسکراتے اپنے اندرونی احساسات و جذبات کا اِظہار کرتا ہے۔ شِیر خوارگی کے اِبتدائی عرصے میں بچے کے پاس الفاظ تو ہوتے نہیں لیکن مختلف جسمانی اعضاء کی حرکات اور چہرے کے خوش گوار و ناگوار تاثرات ہی در اصل اُس کی ” زبان“ کی حیثیت رکھتے ہیں اور وہ اُسی عُضوی زبان کے ذریعے ہی اندرونی و بیرونی احساسات و اِدراکات کا اِظہار و اِبلاغ کرتا ہے۔ عرصۂ شِیر خوارگی کے بعد بچپن کے اِبتدائی چند سالوں میں فطری و لیلی اِحتیاجات، مشاہدات و تجربات اور محسوسات و مدرکات کے اِظہار کیلئے عُضوی زبان یعنی زبان حال ہی درحقیقت وہ بنیاد ہے جس پر وہ عالی شان تاج محل تعمیر ہوتا ہے جسے عرفِ عام میں زبان کہتے ہیں۔ بچوں میں زبان کے اِرتقائی مراحل کا مطالعہ اِنتہائی اہمیت اور دلچسپی کا حامل موضوع ہے جو دراصل نفسیات نشو و نما میں تمام تر تفصیلات کے ساتھ زیر بحث آتا ہے۔ اِن تفصیلات کے مطالعے کی اِس مُختصر سے مضمون میں گنجائش نہیں۔ یہاں تو پختہ زبان کی رعنائیوں کی طرف چند اشارات ہی کئے جا سکتے ہیں۔ پختہ زبان سے مراد ایسی پختہ کار زبان ہے جو بالکل اِبتدائی سادگی سے نشو و اِرتقاء کرتے کرتے اِس قابل ہو جاتی ہے کہ وہ مُشکل سے مُشکل اور ادق مضامین و مطالب کو اُن کی تمام تر لطافتوں سمیت پوری فصاحت و بلاغت کے ساتھ بیان کر سکے، خصوصا شعر و فلسفہ کےتخیلاتی و مُجرد حقائق کو سہولت و سلاست کیساتھ ادا کرنے کے قابل ہو چکی ہو۔
حیوانِ مطلق و صامت کو بے زبان جانور کہنے اور انسان کو حیوانِ ناطق کہہ کر اُسے حیوان سے مُمتاز کرنے میں یہ نکتہ مُضمر ہے کہ عالمِ حیوانات کی زیادہ تر انواع میں اگرچہ ایک ابتدائی نوعیت کا صوتی اظہار و ابلاغ تو پایا جاتا ہے لیکن اُن میں ایک تو انسانوں جیسی قوت گویائی نہیں پائی جاتی دوسرے یہ کہ انسانی قوتِ گویائی اور اُس پر مبنی ایک انتہائی پیچیده و ترقی یافتہ تقریری و تحریری لسانی ڈھانچہ ، دیگر جانداروں میں نہ تو عُضوی و نفسی درجے میں ممکن ہے اور نہ ہی معاشرتی و عمرانی، تعلیمی و ثقافتی اور تہذیبی و تمدنی سطح پر اُس کا کوئی تصور کیا جا سکتا ہے۔ آدمی کو اشرف المخلوقات کا طرہ امتیاز عطا کرنے میں زبان کا جو جوہری و بنیادی کردار ہے وہ اہل علم و دانش سے تو یقیناً پوشیدہ نہیں لیکن عوامی سطح پر اس کا واضح علم قطعاً نہیں پایا جاتا۔ اگر اِس شعور کو عوامی سطح پر بھی عام کیا جا سکے تو اِس میں آخر حرج ہی کیا ہے!۔ یہ حقیقت تو ہر کس و ناکس جانتا ہی ہے کہ انسانی اور حیوانی بچے آواز پیدا کرنے کی جبلّی صلاحیت لے کر پیدا ہوتے ہیں اور بعد میں یہی آواز عالم حیوانات کی بے شمار رنگ برنگ بولیوں اور انسانی زبان کی مختلف شکلوں میں ڈھل جاتی ہے۔ آواز اِنسان کیلئے بھی ایک پیدائشی و جبلی عطیہ فطرت ہے، چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ بچہ اِضطراری طور پر آوازیں تو نکالتا ہے،لیکن لفظ اُسے والدین یا معاشرہ ہی سکھاتا ہے۔ گویا زبان بنیادی طور پر انسانی آواز کے خام مواد کا الفاظ کے سانچوں میں ڈھل کر خاص خاص صوتی و سمعی شکلیں اختیار کر لینے کا نام ہے،۔ مثلاً بچہ بالکل ابتدائی مہینوں میں ہی با - با ، پا - پا ، ما - ما وغیرہ آوازیں نکالنا شروع کر دیتا ہے اور پھر والدین یا دیگر لوگ ان آوازوں کو ملا کر بابا ، پاپا ، ماما وغیرہ الفاظ کی شکل میں ڈھال دیتے ہیں۔ بچوں کی خام آوازوں کی صوتی لفظی تشکیل کرتے وقت والدین لسانی نشوونما کے لحاظ سے جو اہم ترین کام انجام دیتے ہیں وہ ان الفاظ کو اشخاص و اشیاء کے ساتھ جوڑ دینے کا کام ہے یعنی جب بچے نے ” پاپا “ کہا تو باپ کی طرف اشارہ کر دیا اور ” ماما “ کہا تو بچے کو ماں کی جانب متوجہ کر دیا، گویا "پاپا " باپ کا لیبل اور "ماما" ماں کا لیبل بن گیا۔ اشخاص و اشیاء پر الفاظ کے لیبل چسپاں کر دینے کے اِسی سادہ سے عمل میں زبان کی حقیقت کا راز چھپا ہوا ہے اور ذرا سا غور کرنے پر بآسانی سمجھا جا سکتا ہے۔ لفظ اور معنی کے درمیان پایا جانے والا تعلق دراصل صوتی علامت کی طرح جاندار و بے جان پر مستقل طور پر چسپاں کر دینے کا عمل ہی ہے: زبان اپنی حقیقت میں صوتی (یا تحریری) علامت ، اشارہ یا لیبل ہوتی ہے، اور معنی وہ شے ہے جس کیلئے یہ علامت استعمال ہوتی ہے۔ کوئی علامت جس جس چیز کیلئے استعمال ہو سکتی ہے وہ مظاہرِ فطرت میں سے کوئی مظہر اور انسانی ذات و صفات میں سے صفت ہو سکتی ہے۔ یہ ٹھیک ہے کہ انسان کو حیوان سے ممتاز کرنے والی شے عقل ہے لیکن یہ عقل علم کی کوکھ ہی سے جنم لیتی ہے، ۔عقل کی ماں علم ہے اور علم ظاہر ہے زبان کے بغیر پیدا ہی نہیں ہو سکتا؛ گویا حضرت انسان ہستی مدرک و ناطق ہونے کے سبب صاحبِ علم بنتا ہے اور علم کی وجہ سے عقل کا تاج اُس کے سر کی زینت بنتا ہے۔
گذشتہ نسلوں کے تہذیبی و ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کا کام تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہوتا ہے اور تعلیم ظاہر ہے کسی نہ کسی زبان میں ہی دی جاتی ہے لہذا ہم کہہ سکتے ہیں کہ انسانی تہذیب و تمدن کی تمام تر ترقی زبان ہی کی مرہونِ منت ہے، اگر زبان نہ ہوتی تو حیوانِ ناطق حیوانِ مُطلق ہی رہ جاتا۔
جب زبان انسان کو مختلف علوم کے بال و پر عطا کرتی ہے تو وہ شرفِ انسانیت کی بلند فضاؤں میں محو پرواز ہو جاتا ہے، خلاؤں اور کہکشاؤں کی تسخیر کے منصوبے بناتا ہے اور پھر کائنات کے مد مقابل پوری قد و قامت سے کھڑا ہو کر اپنی اشرفیت کا بلند و بانگ دعویٰ کرنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ دین و مذہب کی ماورائی، مقدس اور اخلاقی تعلیمات، فلسفہ و اخلاقیات کے مُجرد و منطقی دلائل اور دُرُوسِ اخلاق، سائنس و ٹکنا لوجی کی گوناگوں ترقیات، فنون لطیفہ و شعر و ادب کی دلچسپ و وجد آفریں جمالیات اور تہذیب و ثقافت کی موجودہ تمام تر تجلیات، یہ سب کچھ اِسی آفتابِ زبان کی ضو پاشیوں کے رنگا رنگ جلوے ہیں۔ زبان ہی وہ بنیادی و اِمتیازی نعمتِ عظمی ہے جو اِنسان کو مسجودِ ملائک ہونے کے مرتبے پر فائز کرتی ہے۔ اور اب زبان کی معراج ملاحظہ فرمائیں کہ خود خالق کائنات ہر شے پر قادر ہونے کے باوجود اپنی ہستی و ذات کے اظہار کیلئے مظاہرِ فطرت کیساتھ ساتھ انسانی زبان کو بھی ایک ذریعۂ اظہار و ابلاغ ہونے کا شرف عطا کرتا ہے اور ناطق انسان سے بذریعہ وحی زبان ہی میں ہم کلام ہوتا ہے۔ لوحِ محفوظ کی ماورائی تحریر کو مرئی شکل اگر ملتی ہے تو اِسی زبان کے وسیلے سے، چنانچہ ہم دیکھتے ہیں کہ مقدس تاریخِ انبیاء و رسل میں خدائی کلام کس طرح وحی پر مبنی اِلہامی کتابوں میں مُجسم ہوکر انسانی ہدایت اور دین و مذہب کی بنیاد بنا اور یوں تاریخِ انسانی پر اَنمٹ نقوش چھوڑے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
افلا یتدبرون